تاثیر 4 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دہرادون، 04 جولائی:مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر کنجراپو رام موہن نائیڈو اور ریاستی وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے جمعہ کو مسوری روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں شہری ہوا بازی کی وزارت کے زیر اہتمام ‘شمالی خطے کے وزراء کی کانفرنس’ کا افتتاح کیا۔
پروگرام میں شمالی ہند کے وزراء کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی خصوصی کوششوں سے ہوائی خدمات عام شہریوں کے لیے قابل رسائی ہو گئی ہیں۔ پہلے فضائی سروس چند طبقوں کے لوگوں تک محدود تھی لیکن آج یہ سفر عام آدمی کا سفر بن چکا ہے۔ آج عام شہریوں کو ارزاں نرخوں پر فضائی خدمات فراہم کی جارہی ہیں جس سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوئی ہے بلکہ سیاحت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اتراکھنڈ جیسی ریاستوں کے لیے ہیلی کاپٹر خدمات ٹرانسپورٹ کا ذریعہ ہونے کے ساتھ ساتھ لائف لائن بھی ہیں۔ دور دراز علاقوں میں ضروری خدمات کی فراہمی ہو یا قدرتی آفات میں لوگوں کو ریسکیو خدمات فراہم کرنا، یہ خدمات ہر شعبے میں لائف لائن ثابت ہو رہی ہیں۔ اس وقت ریاست میں 12 ہیلی پورٹس سے ہوائی خدمات شروع ہو چکی ہیں۔ ہم آفات سے متاثرہ علاقوں میں مستقل ہیلی پورٹ بھی بنا رہے ہیں۔