عدالت کے فیصلے پر تیجسوی نے کہا- ہم لڑیں گے بی جے پی سے، روی شنکر نے پوچھا- ایسے کیسے بدلیں گے بہار؟

تاثیر 14 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 13 اکتوبر:بہار انتخابات کے درمیان، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر تیجسوی یادو نے آئی آر سی ٹی سی گھوٹالے میں دہلی راؤس ایونیو کورٹ کے حکم کو اپنی پارٹی پر حملہ قرار دیا ہے۔ سابق مرکزی وزیر قانون اور بی جے پی کے سینئر لیڈر روی شنکر پرساد نے تیجسوی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ بہار کو بدلنے کا وعدہ کرتے ہیں، لیکن ان پر آئی پی سی کی دفعہ 420 لگنے سے وہ بہار کو کیسے بدلیں گے؟ تیجسوی نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا،’ہم کئی دنوں سے کہہ رہے ہیں کہ اب الیکشن قریب ہیں، ایسی چیزیں ہوں گی۔ ہمیں آزمائش کا سامنا کرنا پڑے گا۔ طوفانوں سے لڑنے میں الگ ہی خوشی ہوتی ہے۔ ہم نے ہمیشہ جدوجہد کا راستہ چنا ہے۔ ہم اچھے مسافر بنیں گے اور اپنی منزل تک پہنچیں گے۔ بہار کے لوگ سمجھدار ہیں، وہ سب کچھ جانتے ہیں جو کچھ ہو رہا ہے۔