موجودہ اسمبلی انتخاب سیکولر طاقت اور نفرت پھیلانے والوں کے بیچ ہیں: شاہنواز عالم

تاثیر 21 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ارریہ(رقیہ آفرین) اس بار کا اسمبلی انتخاب سیکولر طاقتوں اور نفرت پھیلانے والوں کے درمیان ہے۔ ایک طرف گرینڈ الائنس ہے تو دوسری طرف این ڈی اے ہے۔ اور تیسری وہ پارٹی ہے جو براہ راست بی جے پی کو ہی فائدہ پہنچاتی ہے۔ مذکورہ باتیں جوکیہاٹ سے گرینڈ الائنس کے امیدوار شاہنواز نے کسان کالج جوکیہاٹ میں منعقد ایک عظیم الشان انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا، “این ڈی اے حکومت نے لوگوں کے حقوق چھین لیے ہیں۔ زمین کے سروے اور ایس آئی آر کے نام پر عام لوگوں کو پریشان کیا جا رہا ہے۔ روزگار فراہم کرنے کے بجائے مہاجر مزدوروں کو پریشان کیا جا رہا ہے، جبکہ بہار کے کارخانوں پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ نتیش حکومت بہار کے باشندگان کو مدد کرنے کے بجائے خواتین کو دس دس ہزار روپے کا قرض دے کر عوام کو قرض کے بوجھ تلے دبا رہی ہے، وہیں مسٹر عالم نے وقف بل مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اقلیتوں کو ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس انتخابی جلسے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ پہنچے تھے۔ اس موقع پر گرینڈ الائنس کے کئی رہنما، پنچایتی نمائندے اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اجتماع میں جوش و خروش اور حمایت کا ماحول قابل دید تھا۔