تاثیر 21 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بھاگلپور ( منہاج عالم) ناتھنگر اسمبلی حلقہ میں انتخابی سرگرمیوں نے زور پکڑ لیا ہے، جہاں مہاگٹھ بندھن کی جانب سے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے امیدوار زیڈ حسن عرف ضیاء بھائی نے آج کلکٹریٹ میں باقاعدہ طور پر اپنے پرچۂ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر ان کے چہرے پر پُر اعتماد مسکراہٹ اور حامیوں کے جوش و خروش نے انتخابی ماحول کو مزید گرمادیا۔زیڈ حسن عرف ضیاء بھائی حبیب پور واقع اپنے مرکزی انتخابی دفتر سے ایک شاندار جلوس کی شکل میں روانہ ہوئے۔ جلوس میں ان کے ہزاروں حامی شریک تھے جو نعروں اور تالیوں کے شور کے درمیان اپنے محبوب قائد کے حق میں آواز بلند کر رہے تھے۔ ڈھول نگاڑے، بینر، جھنڈے اور نعرے بازی نے پورے ماحول کو انتخابی رنگ میں رنگ دیا۔ خواتین، نوجوان اور بزرگ سبھی جوش و خروش کے ساتھ ان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل رہے تھے۔نامزدگی دفتر پہنچنے پر زیڈ حسن عرف ضیاء بھائی نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔ اس موقع پر مہاگٹھ بندھن کے مقامی رہنما، راشٹریہ جنتا دل کے عہدے داران، اور مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ دفتر کے باہر لوگوں کا ہجوم ان کے حق میں نعرے بلند کرتا رہا، اور موقع پر موجود کارکنان نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اپنے امیدوار کا پرجوش استقبال کیا۔پرچہ نامزدگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زیڈ حسن عرف ضیاء بھائی نے کہا کہ:
“میں مہاگٹھ بندھن کا مشترکہ امیدوار ہوں اور راشٹریہ جنتا دل کی قیادت نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے، میں اسے کبھی ٹوٹنے نہیں دوں گا۔ عوام کے مسائل کو ایوان تک پہنچانا، علاقے کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ میں ناتھنگر کے عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ ان کے بھروسے کو مضبوطی دوں گا اور ان کی توقعات پر پورا اتروں گا۔”انہوں نے مزید کہا کہ ناتھنگر کے عوام نے ہمیشہ سیکولر اور ترقی پسند قوتوں پر اعتماد کیا ہے، اور اس بار بھی وہ نفرت و فرقہ واریت کی سیاست کو مسترد کر کے ترقی و اتحاد کے حق میں ووٹ دیں گے۔اس موقع پر کئی مقامی رہنما جیسے کہ راجیش یادو، محمد ایوب، اشوک پاسوان، اور شبنم پروین نے اپنے خطاب میں زیڈ حسن عرف ضیاءک بھائی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ناتھنگر کو ایک دیانتدار، ملنسار اور عوامی مزاج رکھنے والے نمائندے کی ضرورت ہے، جو صرف وعدے نہ کرے بلکہ عمل سے ترقی کا راستہ ہموار کرے۔

