تاثیر 24 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 24 اکتوبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز بہار اسمبلی انتخابات کے لیے این ڈی اے کی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے سمستی پور کے کرپوری گرام کا دورہ کیا اور آنجہانی بھارت رتن کرپوری ٹھاکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سمستی پور میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے بہار میں این ڈی اے کی مضبوط حکومت کا دعویٰ کرتیہوئے کہا کہ جب نیت صاف ہو،پالیسیاں قومی مفاد میں ہوں گی تو عوام آشیرواد دیتے ہیں۔تیجسوی اور لالو یادو پر حملہ کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بہار کبھی جنگل راج میں واپس نہیں آئے گا۔یہ سال 2005 کا اکتوبر ماہ ہی تھا،جب بہار نے جنگل راج سے آزاد ہوا۔ اچھی حکمرانی نتیش کمار کی قیادت میں شروع ہوئی۔ 10 سال کانگریس-آر جے ڈی مرکزی حکومت میں تھی۔ تب کئی کاموں کو روکا۔ یہاں کوئی کام نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے بہار کو اس مشکل صورتحال سے نکالا ہے۔ اب بہار ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ کوئی گوشہ ایسا نہیں جہاں ترقی نہ ہو رہی ہو۔ کہیں بھی جائیں، ہر جگہ ترقی ہو رہی ہے۔ بجلی، پانی اور گیس پر کام ہو رہا ہے۔ یہ خوشحالی کا کام ہے۔ اس سے ہر ایک کو روزگار کے مواقع ملتے ہیں۔

