تاثیر 18 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تنسکیا ، 17 اکتوبر: آسام کے تنسکیا کے کاکوپاتھر میں ہندوستانی فوج کے ایک کیمپ پرہوئے مہلک حملے کے بعد، پولیس نے آسام-اروناچل سرحد کے قریب سے حملہ آوروں کے ذریعہ استعمال کیے گئے ٹرک کو ضبط کرلیا ہے۔
آسام-اروناچل پردیش سرحد کے قریب دریائے نوا- دیہنگ کے کنارے ٹینگاپانی گھاٹ سے گاڑی (اے ایس-25ای سی-2359)برآمد کی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور فوجی کیمپ پر حملہ کرنے سے پہلے مبینہ طور پر دمدوما کی جانب سے ایک ٹرک میں سوار ہوکر آئے تھے۔
عسکریت پسندوں نے کیمپ پر تین انڈر بیرل گرینیڈ لانچر(یو بی جی ایل) داغے اور تقریباً 30 منٹ تک شدید فائرنگ جاری رکھی جس سے کل دیر رات علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔حملہ آوروں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ حملے کے بعد، اسی ندی کے کنارے والے راستے سے اروناچل پردیش کی طرف فرار ہو گئے ۔ سیکورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر مشترکہ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

