تاثیر 14 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پیرس،13اکتوبر:مستعفی فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نول باروٹ نے اعلان کیا ہے کہ بہت امکان ہے کہ جنگ بندی کے بعد یورپی یونین غزہ کی پٹی میں اپنی موجودگی میں اضافہ کرے گی۔ مصر میں ہونے والی امن سربراہی کانفرنس کے موقع پر باروٹ نے ایک ٹیلی ویڑن انٹرویو میں کہا کہ یورپ پہلے ہی دو مشنوں کے ذریعے فلسطینی علاقوں میں موجود ہے۔ پہلا مشن رفح کراسنگ کی نگرانی کرے گا اور کراسنگ پوائنٹس پر بہت اہم کردار ادا کرے گا۔ دوسرا مشن فلسطینی پولیس افسران کی تربیت میں معاونت کرے گا۔وزیر نے حماس اور اسرائیلی فوج کے انخلاء کے بعد غزہ کی پٹی میں سیکورٹی کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس افسران کی تربیت کی اہمیت کی طرف اشارہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی برادری جس بین الاقوامی فورس کو عارضی طور پر قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اسے سیکورٹی برقرار رکھنے کی ذمہ داری نہیں سونپی جائے گی بلکہ یہ ذمہ داری تربیت یافتہ فلسطینی پولیس افسران کے ذریعہ انجام دی جائے گی۔

