تاثیر 25 اکتوبر ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن،25اکتوبر:امریکی فوج نے حالیہ دنوں میں غزہ کی فضاوں میں نگرانی کرنے والے ڈرون طیاروں کی پروازیں شروع کر دی ہیں۔ یہ انکشاف اسرائیلی اور امریکی فوجی حکام نے کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کو مستحکم کرنا اور اسے اسرائیل یا حماس کی جانب سے کسی ممکنہ خلاف ورزی سے محفوظ رکھنا ہے۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق اسرائیلی فوج کے دو اور امریکی وزارتِ دفاع کے ایک اعلیٰ اہل کار نے بتایا کہ یہ ڈرون طیارے غزہ میں زمینی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں … اور ان کی پروازیں اسرائیل کی منظوری سے ہو رہی ہیں۔
ان حکام کے مطابق یہ نگرانی مشن دراصل جنوبی تل ابیب میں قائم نئے امریکی سول-ملٹری کوآرڈینیشن سینٹر کے کام میں معاونت کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ یہ مرکز پچھلے ہفتے امریکی فوج نے اس مقصد سے قائم کیا تھا کہ وہ جنگ بندی پر عمل درآمد اور امدادی سامان کی تقسیم کی نگرانی کرے۔اگرچہ امریکہ نے ماضی میں بھی غزہ کے اوپر ڈرون طیارے استعمال کیے بالخصوص 7 اکتوبر 2023 کے بعد جب حماس نے اسرائیلی قیدیوں کو یرغمال بنایا تھا، لیکن حالیہ کارروائیاں اس بات کی نشان دہی کرتی ہیں کہ امریکی حکام اب غزہ کی صورت حال کا آزاد اور براہِ راست جائزہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، تاکہ صرف اسرائیلی معلومات پر انحصار نہ رہے۔

