تاثیر 24 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)ٹھاکرگنج بلاک کے دلہے گاؤں پنچایت کے عیدگاہ چوک پر اتوار کے روز دلہے گاؤں پنچایت سنگھرش کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت تنظیم کے صدر محمد ظہور رضوی نے کی، جس میں پنچایت کے مختلف گاؤں سے بڑی تعداد میں لوگ، نوجوان اور سنگھرش ساتھی شریک ہوئے۔ میٹنگ میں پنچایت کے اہم مسائل — نامکمل پل کی تعمیر، سڑک، بجلی، دریا کٹاؤ اور دیگر عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ دلیگاؤں پنچایت سنگھرش کمیٹی گزشتہ کئی برسوں سے پنچایت کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور آنے والے وقت میں اس جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے گا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تنظیم اب صرف احتجاج تک محدود نہیں رہے گی بلکہ سماجی خدمت کے میدان میں بھی مضبوطی کے ساتھ کام کرے گی۔ غریب اور ضرورت مند خاندانوں کی مدد، یتیم بچیوں کی شادی میں تعاون، آگ لگنے اور سیلاب جیسی آفات میں راحت کاری کے کام، اور مالی طور پر کمزور مریضوں کے علاج میں مدد کو ترجیح دی جائے گی۔ میٹنگ میں موجود لوگوں نے ایک آواز میں کہا کہ وہ تنظیم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پنچایت کی ترقی کے لیے ہر جدوجہد میں فعال کردار ادا کریں گے۔ مقررین نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والے وقت میں دلہے گاؤں پنچایت میں نئی سوچ اور مثبت تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔ تنظیم کی جانب سے پنچایت کے ہر وارڈ میں ممبرشپ مہم چلانے اور نئے افراد کو جوڑنے کا بھی فیصلہ لیا گیا۔ میٹنگ کے دوران تنظیم کو مضبوط بنانے اور عوامی مسائل پر متحد ہو کر جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر تنظیم کے نائب صدر ندیم سرور، سکریٹری ڈاکٹر رضوان عالم، معراج عالم، حافظ توصیف ضیا، مولانا طارق انور، حافظ طاہر رضا، احمد رضا، غلام ربانی (سوشل ایکٹوسٹ)، وجے کمار گنیش، رنجن پانڈے، ونود شرما، دیپک گنیش، احمد رضا، ڈاکٹر وسیم اکرم، محمد کیف، مفتی انتخاب رضا، ڈاکٹر وسیم اختر، مامون عالم، عسکر عالم، اصغر عالم، سرور عالم، رضوان رضوی، مکرم رضا، محسن عالم، سکندر عالم، ریحان عالم، صدام عرف مدن سمیت کئی معزز افراد موجود تھے۔

