تاثیر 23 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 23 مئی:وزیر اعلی سمراٹ چودھری نے ہفتہ کے روز ارجا اسٹیڈیم میں ’بہار اے آئی سمٹ۔ 2026‘ کا شمع روشن کر کے افتتاح کیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے اس موقع پر موجود تمام لوگوں کا استقبال کرتا ہوں اور تقریب میں مدعو کرنے پر منتظمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اے آئی زندگی کا ایک اہم حصہ بننے جا رہا ہے۔ آج ہندوستان میں تقریباً 120کروڑ لوگ موبائل فون استعمال کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک نے مواصلاتی انقلاب کا مشاہدہ کیا ہے۔ مواصلاتی انقلاب کے اس دور میں اے آئی ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار میں بجلی، سڑک اور پانی جیسے بنیادی ڈھانچے کو ہموار کیا۔ اگر ہندوستان کو ترقی کرنی ہے تو بہار کو ترقی کرنی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار کی تاریخ نے پورے ملک کو تشکیل دیا ہے۔ مگدھ نے ملک کو اس کا سنہرہ دور دیا۔ نالندہ یونیورسٹی کو وزیر اعظم نریندر مودی اور سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے دوبارہ قائم کیا۔ اس جگہ کی شاندار تاریخ کو بحال کیا جانا چاہیے۔

