تاثیر 23 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گروگرام، 23 مئی: بجلی کی سپلائی متاثر ہونے سے گروگرام میں میٹرو ریل خدمات میں خلل پڑا۔ بجلی کے محکمے نے کہا کہ بجلی کی سپلائی 35 منٹ تکمتاثر رہی ۔اس کے بعد ہی میٹرو کی خدمات بحال ہو سکیں ۔واضح ہو کہ ریپڈ میٹرو ڈی ایم آر سی کے ذریعہ چلائی جاتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، پی جی سی آئی ایل سیکٹر 72 کے دونوں 220 کے وی سرکٹس میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی۔ اس سے گروگرام کے کئی سب اسٹیشنوں کو بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا۔پاور کارپوریشن کے حکام کے مطابق تقریباً آدھے گھنٹے میں ایک سرکٹ بحال کر دیا گیا۔ ریپڈ میٹرو سروس شام 7:50 سے 8:25 تک تقریباً 35 منٹ تک متاثر رہی۔ اس کے بعد بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی۔ تاہم اطلاعات کے مطابق میٹرو سروس دو گھنٹے تک متاثر رہی۔
بتایا گیا کہ دونوں سرکٹس کا سی ٹی (کرنٹ ٹرانسفارمر) خراب ہوگیا جس کی وجہ سے سیکٹر 15، 38، 44، 46، 52، 56 اور ماروتی علاقے کے سب اسٹیشنوں کو سپلائی میں خلل پڑا۔ابتدائی طور پر، ایک ہی سرکٹ پر لوڈ چلنے کی وجہ سے کچھ علاقوں میں احتیاطی طور پر بجلی کی کٹوتی کی گئی تھی۔ کارپوریشن کے عہدیداروں اور تکنیکی ٹیموں کی کوششوں کی بدولت، پی جی سی آئی ایل سیکٹر 72 میں 220کے وی کے دونوں سرکٹس کو رات 10:10 بجے تک بجلی کی سپلائی مکمل طور پر بحال کر دی گئی۔

