تاثیر 10 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا ، 10 مئی:۔ نئی حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے بڑے انتظامی ردوبدل کا آغاز کیا ہے۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد انہوں نے محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں ممتا بنرجی کے قریبی سمجھے جانے والے 93 پولیس افسران کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ ان میں ڈی سی سطح کے افسران، اسٹیشن انچارجز ، سب انسپکٹرز اور کئی دیگر پولیس افسران شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق تبادلے کیے گئے زیادہ تر افسران کا تعلق حکمران جماعت کی ویلفیئر ایسوسی ایشن سے تھا۔ نئی حکومت نے ان افسران کو ریاست کے مختلف دور دراز اضلاع میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔تبادلوں کی فہرست کے مطابق، کئی افسران کو کوچ بہار ، کالمپونگ ، جلپائی گوڑی ، دارجلنگ اور علی پور دوار بھیجے جا رہے ہیں، جب کہ کچھ افسروں کو مغربی علاقے کے سندربن اور پرولیا جیسے اضلاع میں بھی تعینات کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی شبھیندو ادھیکاری نہیں چاہتے ہیں کہ ممتا بنرجی کے قریبی سمجھے جانے والے افسران کولکاتا اور اس کے آس پاس کے اہم عہدوں پر برقرار رہیں۔ دریں اثنا، وزیراعلیٰ پیر کو نوانا میں اہم میٹنگوں کے سلسلے کی تیاری کریں گے۔

