ہاکی انڈیا سینئر خواتین کا قومی کوچنگ کیمپ 11 سے 20 مئی تک منعقد ہوگا

تاثیر 10 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ، 10 مئی :ہاکی انڈیا مجوزہ ٹورنامنٹ کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے 11سے 20مئی تک سینئر خواتین قومی کوچنگ کیمپ منعقد کرے گا۔یہ کیمپ اس لئے اہم ہے کیونکہ ٹیم ایف آئی ایچ نیشنز کپ سے قبل آسٹریلیا کے ایکسپوزر ٹور پر روانہ ہو گی۔یہ کپ 15سے 21جون تک نیوزی لینڈ کے آکلینڈ میں ہوگا۔

آنے والے کیمپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہیڈ کوچ ماریجنے نے اتوار کو کہا ’ یہ ہمارے آئندہ دورہ آسٹریلیا سے قبل ایک مختصر کیمپ ہوگا۔ اس کیمپ کا بنیادی فوکس کھیل کے فٹنس پہلوو¿ں اور ان کو بہتر بنانا ہوگا۔ ہم اس سلسلے میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ٹیم کے طور پر اگلا قدم اٹھانا چاہتے ہیں۔‘یہ کیمپ اس سال کے آخر میں ہونے والے اہم مقابلوں سے قبل اپنی طاقتوں کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرے گا۔ان مقابلوں میں 15 سے 30 اگست تک بلجیم اور ہالینڈ میں ہونے والا ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز ورلڈ کپ 2026 ، اور 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاپان میں ہونے والے 2026 ایشین گیمزشامل ہیں۔اس کیمپ کی اہمیت اس حقیقت سے مزید بڑھ جاتی ہے کہ ایف آئی ایچ نیشنز کپ کا فاتح 2026-27 ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کے لیے براہ راست کوالیفائی کر لے گا۔ مزید برآں، 2026–27 ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کا فاتح بھی براہ راست ایل اے 2028 اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔