شارٹ سرکٹ سے سہسرام۔ پٹنہ فاسٹ پیسنجر میں آگ لگی

تاثیر 18 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 18 مئی:مشرقی وسط ریلوے کے پنڈت دین دیال اپادھیائے ریلوے ڈویڑن کے سہسرام ریلوے اسٹیشن پر پیر کی صبح 5:30 بجے سہسرام سے پٹنہ جا رہی سہسرام -پٹنہ فاسٹ پیسنجر ٹرین نمبر 53212 میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ ٹرین کی پانچویں بوگی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ چوتھی بوگی کا پچھلا حصہ بھی آگ کی زد میں آگیا۔ اس واقعہ سے اسٹیشن پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ جائے وقوعہ پر پہنچنے والی فائر بریگیڈ نے مقامی مزدوروں اور دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر آگ پر قابو پایا۔
اطلاعات کے مطابق سہسرام -پٹنہ فاسٹ پسینجر پلیٹ فارم نمبر 6 پر روزانہ کی طرح روانگی کے لئے کھڑی تھی۔ ٹرین میں مسافر وں کے بیٹھنے کا سلسلہ جاری تھا۔ اچانک ایک کوچ میں دھنواں نکلتے دیکھ صبح میں مارننگ واک کر رہے لوگوں نے شور مچایا۔ اسٹیشن پر موجود ریلوے کارکنوں کا ایک گروپ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور آگ بجھانا شروع کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ جائے وقوعہ پر پہنچی اور آگ بجھانے کی مزید کوششیں شروع کیں۔ جب تک آگ پر مکمل طور پر قابو پایا جاتا، ٹرین کا پانچواں کوچ مکمل طور پر راکھ کا ڈھیر بن چکا تھا۔