تاثیر 07 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 7 جون :کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو لے کر مرکزی حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کھانا پکانے والی گیس کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام لوگوں بالخصوص غریب اور متوسط گھرانوں کی مالی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ مہنگائی گھریلو بجٹ پر اضافی دباؤ ڈال رہی ہے اور عام صارفین کے کچن کے اخراجات میں اضافہ کر رہی ہے۔
اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں، کھڑگے نے پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے اس دعوے کا حوالہ دیا کہ انہوں نے مغربی ایشیا میں تنازعات جیسے حالات کے باوجود 41 ممالک سے ایندھن کی سپلائی کو ممکن بنایا ہے۔ کانگریس صدر نے سوال کیا کہ اگر حکومت نے توانائی کی فراہمی کے اتنے وسیع اورمتبادل انتظامات کیے ہیں تو پھر بھی دیہی علاقوں میں ایل پی جی کی دستیابی اور استعمال کے حوالے سے مسائل کیوںبرقرار ہیں۔

