ضلع مجسٹریٹ رچی پانڈے میتھورا پنچایت میں ہوئے شامل، خصوصی سکریٹری پون کمار سنہا نے مصرولیا پنچایت کے پروگرام میں کی شرکت، “من کی بات” کا بھی اجتماعی نشریہ
سیتامڑھی: (مظفر عالم)
بہار حکومت کی ہدایت کے مطابق ہر ماہ کے آخری اتوار کو منائے جانے والے “پنچایت وکاس دیوس” کے تحت ضلع سیتامڑھی کی تمام گرام پنچایتوں میں صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک مختلف پروگراموں کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ ان پروگراموں میں عوامی نمائندوں، گرام سبھا کے اراکین، پنچایت نمائندوں، ضلع و بلاک سطح کے افسران اور بڑی تعداد میں دیہی عوام نے بھرپور شرکت کی۔
ڈمرا بلاک کی مصرولیا پنچایت میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے خصوصی سکریٹری پون کمار سنہا شریک ہوئے، جبکہ میتھورا پنچایت سرکار بھون میں منعقدہ پروگرام میں ضلع مجسٹریٹ رچی پانڈے نے شرکت کر عوام سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ضلع مجسٹریٹ رچی پانڈے نے کہا کہ پنچایتیں ہمارے جمہوری نظام کی بنیاد ہیں اور دیہی علاقوں کی ترقی ہی ریاست اور ملک کی مجموعی ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ “پنچایت وکاس دیوس” منانے کا مقصد ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا، عوامی شمولیت کو فروغ دینا اور مقامی ضروریات کے مطابق منصوبوں پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کی تھیم “خواتین دوست گرام پنچایت” ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانا، سیلف ہیلپ گروپس کو فروغ دینا، ہنرمندی، صحت اور فیصلہ سازی میں خواتین کی شرکت بڑھانا حکومت کی ترجیح ہے۔ ساتھ ہی PAI اور ای-گرام سوراج جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پنچایتوں میں شفافیت، جوابدہی اور بہتر طرز حکمرانی کو مضبوط بنا رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم کے مقبول ریڈیو پروگرام “من کی بات” کا اجتماعی نشریہ بھی سنا گیا، جس میں بڑی تعداد میں دیہی عوام شریک ہوئے۔ پروگرام کے دوران مقامی پائیدار ترقی کے نو اہم اہداف، جن میں غربت کا خاتمہ، صحت، بچوں کی فلاح، آبی تحفظ، صفائی، بنیادی ڈھانچہ، سماجی انصاف، بہتر طرز حکمرانی اور خواتین کو بااختیار بنانا شامل ہیں، پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ضلع کے تمام سینئر افسران نے مختلف پنچایتوں میں پہنچ کر پروگراموں میں شرکت کی اور عوامی تعاون سے سیتامڑھی کی ہر پنچایت کو صاف، صحت مند، خود کفیل، ڈیجیٹل اور خواتین دوست بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

