سیف خواتین چیمپئن شپ: ہندوستان نے بھوٹان کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی، اب بنگلہ دیش سے مقابلہ

تاثیر 04 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مڈگاؤ ں(گوا)، 4 جون :پانچ بار کی چمپئن ہندوستانی خواتین کی فٹ بال ٹیم نے بدھ کی رات سیف خواتین چمپئن شپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں بھوٹان کو 1-0 سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ پنڈت جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ہفتہ کو ہونے والے خطابی میچ میں ہندوستان کا مقابلہ دفاعی چیمپئن بنگلہ دیش سے ہوگا۔
گروپ مرحلے میں دو میچوں میں 14 گول کرنے والی ہندوستانی ٹیم سے یکطرفہ کارکردگی کی توقع تھی لیکن بھوٹان نے بہترین دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے کو سخت بنائے رکھا تھا۔ مسلسل تیسری بار سیمی فائنل میں پہنچنے والے بھوٹان نے کافی دیر تک ہندوستانی حملے کو روکے رکھا۔
فیفا رینکنگ میں 69 ویں نمبر پر موجود ہندوستان نے زیادہ تروقت گیند کو اپنے کنٹرول میں رکھا لیکن وہ پہلے ہاف میں گول کرنے میں ناکام رہا۔ کرشمہ، سومیا گگولوتھ اور اویکا سنگھ نے مواقع پیدا کیے لیکن خراب فنشنگ اور بھوٹانی گول کیپر کی شاندار کارکردگی نے ہاف ٹائم میں اسکور کو 0-0 پر رکھا۔
بھوٹان نے بھی جوابی حملے میں کچھ اچھے مواقع پیدا کیے لیکن انہیں گول میں تبدیل نہ کرسکا۔
دوسرے ہاف میں ہندوستان کو مسلسل دباؤ کا فائدہ 60ویں منٹ میں اس وقت حاصل ہوا جب سنفیدا نونگروم نے گول کرکے ٹیم کو سبقت دلائی جو بالآخر فیصلہ کن ثابت ہوا۔