تاثیر 22 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
موتیہاری، 22 جون (خالد سیف اللہ):مشرقی چمپارن کے مہسی تھانہ علاقے میں قومی شاہراہ 27 پر پیر کی صبح دو ٹرکوں کے درمیان ہونے والے شدید تصادم میں ایک ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد شاہراہ پر کچھ وقت کے لیے ٹریفک متاثر رہا۔
پولیس کے مطابق مہسی تھانے کے قریب واقع فلائی اوور کے پاس صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے ٹائلز سے لدا ایک ٹرک مظفرپور کی جانب جا رہا تھا۔ اسی دوران ٹرک بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر عبور کرتے ہوئے مخالف سمت کی لین میں داخل ہو گیا اور سامنے سے آنے والے دوسرے ٹرک سے ٹکرا گیا۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں کو کافی نقصان پہنچا۔ اس حادثے میں پنجاب کے رہائشی 40 سالہ راجہ کمار ولد جوگہنی سنگھ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
زخمیوں میں پنجاب کے پردیپ سنگھ اور اتر پردیش کے متلو اور ببل شامل ہیں۔ مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے تمام زخمیوں کو فوری طور پر مہسی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر پہنچایا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد انہیں بہتر علاج کے لیے ایس کے ایم سی ایچ مظفرپور ریفر کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مہسی تھانہ صدر شانو گورو پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے امدادی کارروائی انجام دیتے ہوئے سڑک سے تباہ شدہ گاڑیوں کو ہٹایا اور ٹریفک کی آمدورفت بحال کرائی۔
پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کر دی ہے۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹرک کے بے قابو ہونے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔

