ڈائمنڈ ہاربر میں ابھیشیک بنرجی کے دفتر کے سامنے بنے شیڈ پر بلڈوزر چلا

تاثیر 18 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 18 جولائی : جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے ڈائمنڈ ہاربر کے آمتلہ میں واقع ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی کے دفتر کے احاطے کے سامنے بنے ایک شیڈ پر انتظامیہ نے ہفتہ کی صبح خلاف کارروائی کی۔ بھاری پولیس فورس اور مرکزی سیکورٹی فورسز کی موجودگی میں بلڈوزر چلا کر نیلے رنگ کے شیڈ کو ہٹا دیا گیا۔ کارروائی کے دوران پورے علاقے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
انتظامیہ کے مطابق دفتر کی پانچ منزلہ عمارت کی تعمیر کے حوالے سے شکایت موصول ہوئی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اسے بغیر منظور شدہ بلڈنگ پلان کے تعمیر کیا گیا ہے۔ شکایت کے بعد متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں مقررہ تاریخ پر سماعت کے لیے طلب کیا گیا۔ عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ کوئی بھی فریق مقررہ وقت پر اپنا موقف پیش کرنے کے لیے پیش نہیں ہوا جس کے بعد قواعد کے مطابق کارروائی کی گئی۔
ہفتہ کی صبح پولیس اور مرکزی سیکورٹی فورسز نے پورے احاطے کو گھیرے میں لے لیا۔ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او)، لینڈ اینڈ لینڈ ریفارمز ڈپارٹمنٹ (بی ایل آر او) اور فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکار بھی موجود تھے۔ انتظامی نگرانی میں دفتر کے سامنے موجود شیڈ کو بلڈوزر کے ذریعے ہٹا دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیس میں مزید کارروائی قانونی طریقہ کار کے مطابق کی جائے گی، تاہم اگلے اقدامات کے حوالے سے کوئی سرکاری اطلاع جاری نہیں کی گئی۔