تاثیر 18 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 18 جولائی: وادی کشمیر میں مال برداری کے شعبے میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔ شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن نے پامپور گڈز شیڈ میں پہلی مال بردار ٹرین (فریٹ ریک) کو کامیابی کے ساتھ پہنچا کر وادی کے ریل مال برداری کے نظام کو نئی سمت دی ہے۔ 15 جولائی سے فعال ہونے والے اس گڈس شیڈ پر 17 جولائی کو پہلی ریک پہنچی۔
بارہمولہ-سنگلدان سیکشن پر واقع پامپور گڈز شیڈ وادی کشمیر میں اننت ناگ کے بعد دوسرا سامان شیڈ ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق، پہلی ریک کے کامیاب آپریشن نے یہ واضح کر دیا ہے کہ پامپور اب وادی میں مال برداری اور لاجسٹکس کا ایک نیا مرکز بننے کے لیے تیار ہے۔
پہلی ریک میں امبالہ ڈویژن کے بھرت گڑھ اور کیرت پور صاحب سے 21بی سی این ویگن کے ذریعہ الٹرا ٹیک، اے سی سی اور امبوجا سیمنٹ کی کھیپ پہنچی۔ اس گڈز شیڈ پر روزانہ صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک فریٹ بکنگ اور ہینڈلنگ کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
ریلوے کا کہنا ہے کہ پامپور گڈز شیڈ کے کھلنے سے وادی میں پھلوں کے کاشتکاروں، کسانوں اور سیمنٹ اور تعمیراتی مواد کے تاجروں کو خاصی راحت ملے گی۔ انہیں اب ترسیل اور ضروریات کے لیے اننت ناگ یا دیگر دور دراز مراکز پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا، جس سے وقت اور نقل و حمل کے اخراجات دونوں کم ہوں گے۔

