بھارت اور جاپان کی نوجوان نسل کا ملن، یوگی آدتیہ ناتھ کی رہائش گاہ پر دوستی اور مستقبل کا پیغام

تاثیر 21 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 21 اگست: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی سرکاری رہائش گاہ پر جمعہ کو بھارت اور جاپان کی نوجوان نسل کے درمیان ایک منفرد ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر سفارتی رسم کے بجائے بچوں کی مسکراہٹ، باہمی گفتگو اور دونوں ممالک کی ثقافتوں کے درمیان دوستی کا جذبہ نمایاں رہا۔
اتر پردیش-جاپان سرمایہ کاری اجلاس کے سلسلے میں منعقد خصوصی پروگرام ’اے ڈائیلاگ ود دی فیوچر‘ میں جاپان کے یاماناشی صوبے سے آئے 13 طلبہ اور ان کے فیکلٹی اراکین نے لکھنؤ کے مختلف اسکولوں کے طلبہ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ پروگرام میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور یاماناشی کے گورنر کوٹارو ناگاساکی بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے جاپان کے یاماناشی سے آئے طلبہ، فیکلٹی اراکین اور لکھنؤ کے طلبہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب کا آغاز جاپانی زبان کے الفاظ ’اوہایو گوزائی ماس‘ سے کیا۔