بھوج شالہ تنازعہ کے سلسلے میں دھار بند، بازاروں میں سناٹا

تاثیر 25 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھوپال/دھار، 25 اگست:مدھیہ پردیش کے دھار میں واقع تاریخی بھوج شالہ معاملے کو لے کر ہندو تنظیم کی اپیل پر منگل کو آدھے دن کے لیے ضلع دھاربند رکھا گیا۔ ہندو تنظیموں کے ارکان صبح سے ہی سڑکوں پراترآئے اوردکانداروں سے تجارتی مراکز بند رکھنے کی اپیل کی۔ بند کے دوران ضروری خدمات کو مستثنیٰ رکھا گیا، وہیں کسی بھی ناخوشگوار صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ نے حساس علاقوں میں بھاری پولیس فورس تعینات کی۔
ضلع دھار میں تاریخی بھوج شالہ تنازعہ کے سلسلے میں ہندو تنظیم کی اپیل پر منگل کے روز آدھے دن کے بند کے دوران صبح سے ہی دھار شہر کے اہم بازاروں اور تجارتی علاقوں میں دکانیں مکمل طور پر بند رہیں۔ اس کی وجہ سے روزمرہ کے مقابلے بازاروں میں سناٹا نظرآیا۔ ہندو تنظیموں سے وابستہ ارکان شہر کے مختلف بازاروں اور کاروباری علاقوں میں پہنچے۔ انہوں نے دکانداروں سے ہاتھ جوڑ کراپنی دکانیں بند رکھنے اوراحتجاج میں تعاون کرنے کی درخواست کی۔ بند کا اثرشہر کے اہم بازاروں میں صاف دکھائی دیا۔ البتہ عام لوگوں کی سہولت کے پیشِ نظراسکول، کالج، پیٹرول پمپ، میڈیکل اسٹورز اور دیگر انتہائی ضروری خدمات کو بند سے باہر رکھا گیا تھا۔