رکشا بندھن پر ملک بھر میں 30 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے کاروبار کی توقع: کھنڈیلوال

تاثیر 25 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 25 اگست: ملک بھر میں رکشا بندھن کے تہوار کے موقع پر اس بار 30 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے کاروبار کی توقع ہے۔ اس میں صرف راکھیوں کا کاروبار تقریباً 25 ہزار کروڑ روپے تک پہنچنے کا اندازہ ہے۔
رکنِ پارلیمنٹ اور کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز (کیٹ) کے قومی جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہا کہ رکشا بندھن کے تہوار میں اب صرف چار دن باقی رہ گئے ہیں اور دہلی سمیت ملک بھر کی مارکیٹوں میں خریداری عروج پر پہنچ گئی ہے۔ دہلی کے چاندنی چوک، صدر بازار، کرول باغ، لاجپت نگر، کملا نگر، راجوری گارڈن، گاندھی نگر، کھاری باولی، لکشمی نگر اور مختلف مقامی بازاروں میں صارفین کی زبردست بھیڑ دیکھی جا رہی ہے۔ شام کے وقت بازاروں میں خاصی رونق ہے اور تاجروں کے مطابق اس سال رکشا بندھن کا جوش گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ نظر آ رہا ہے۔