تاثیر 25 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 25 اگست : کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے مرکزی حکومت پرالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے ذات پات پر مبنی مردم شماری کروائی جا رہی ہے ، وہ صرف ’’وائٹ واش‘‘ ہے اور کانگریس اسے قبول نہیں کرے گی۔ جے رام رمیش نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کے موجودہ عمل کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بہار اور تلنگانہ میں اپنائے گئے سروے ماڈل کو قومی سطح پرنافذ کیا جانا جائے۔
جے رام رمیش نے آج یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 20 اگست کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کے سلسلے میں وزیر اعظم مودی کو 21 صفحات کا مشترکہ خط لکھا تھا۔ اس معاملے پر کانگریس پارٹی کی طرف سے وزیر اعظم کو لکھا گیا یہ تیسرا خط ہے۔ کھرگے نے پہلے 16 اپریل 2023 اور 5 مئی 2025 کو خط لکھے تھے لیکن ابھی تک انہیں کوئی جواب نہیں ملا ہے۔

