بلوچستان کی کوئلے کی کان میں زہریلی گیس سے تین کان کن ہلاک

تاثیر 29 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ڈیرہ اسماعیل خان، 29 اگست: پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع ڈُکّی میں کوئلے کی ایک کان کے اندر زہریلی گیس جمع ہونے کے باعث تین کان کنوں کی موت ہوگئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق حادثہ کان کے اندر گیس کے اخراج اور جمع ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔
بلوچستان کے آن لائن نیوز نیٹ ورک ’دی بلوچستان پوسٹ‘ کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت بارک زئی قبیلے کے پائی محمد کے بیٹے خان، اچکزئی قبیلے کے فتح محمد کے بیٹے سراج الدین اور افغانستان کے علی زئی قبیلے سے تعلق رکھنے والے عبداللہ کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے کے بعد ڈُکّی میں پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن(پی یو ڈبلیو ایف) کے صدر شیر محمد کاکڑ نے کان کنی کے شعبے میں حفاظتی انتظامات پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حفاظتی اقدامات کی کمی اور نگرانی کے کمزور نظام کے باعث کوئلے کی کانوں میں مسلسل حادثات پیش آ رہے ہیں۔شیر محمد کاکڑ نے حکام سے مطالبہ کیا کہ کانوں میں حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور کان کنوں کو مناسب حفاظتی سامان فراہم کیا جائے۔ انہوں نے حادثے کی وجوہات اور حالات کی مکمل تحقیقات کرانے کی بھی اپیل کی۔