تاثیر 14 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن، 14 اگست: امریکی بحریہ کا طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن مشرقِ وسطیٰ کی جانب بڑھ رہا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق بحری جہاز گزشتہ ہفتے ویتنام کے شہر دا نانگ سے روانہ ہوا تھا اور اب آبنائے ملاکا عبور کر کے بحرِ ہند کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
ایک امریکی بحری عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یو ایس ایس جارج واشنگٹن کا موجودہ رخ بحرِ ہند کی جانب ہے، جس کے بعد اس کی مشرقِ وسطیٰ کی طرف پیش قدمی متوقع ہے۔ تاہم امریکی حکام نے جہاز کی حتمی منزل یا مشن کے حوالے سے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں۔
دریں اثنا، امریکی میڈیا میں ایک اور طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن پر تعینات اہلکاروں کو درپیش مسائل سے متعلق رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں۔ ان رپورٹس میں جہاز پر رسد، خوراک اور اہلکاروں کی ذہنی صحت سے متعلق مشکلات کا ذکر کیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق تقریباً 5 ہزار امریکی سیلرز اور میرینز گزشتہ 250 دن سے مسلسل ابراہم لنکن پر تعینات ہیں، جبکہ بعض اہلکار 260 سے زیادہ دن سمندر میں گزار چکے ہیں۔

