تاثیر28 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دہرادون، 28 ستمبر: اتراکھنڈ کے اترکاشی کے بالائی ہمالیائی علاقوں میں خراب موسم کے درمیان پھنسے ٹریکرز، کوہ پیماؤں اور پورٹرز کو محفوظ نکالنے کے لیے پیر کو جنگی پیمانے پر ریسکیو آپریشن چلایا گیا۔ آٹھ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے آڈین کول علاقے کے تمام 29 اور کالندی پاس علاقے کے نو ٹریکرز سمیت اب تک 38 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ باقی افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ و بازآبادکاری کے سکریٹری ونود کمار سمن نے بتایا کہ بالائی ہمالیائی علاقوں میں 10 ٹریکنگ ٹیموں کے 136 ٹریکرز مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے تھے۔ انہیں نکالنے کے لیے پیر کی صبح 6 بجے سے آٹھ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ موسم اور ہیلی کاپٹروں کے آپریشن کی صورتحال کے مطابق ریسکیو حکمت عملی میں مسلسل تبدیلی کی جا رہی ہے۔

