گھر کے اندر ریٹائرڈ فوجی اور اس کی بیوی کی خون آلود لاش  ملنے سے سنسنی

تاثیر 27 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ہاتھرس، 27 ستمبر: اتر پردیش میں اتوار کی صبح ضلع ہاتھرس کے علاقے سعد آباد میں ایک ریٹائرڈ فوجی اور اس کی بیوی کی لاشیں ان کے گھر کے اندر خون آلود حالت میں ملنے سے سنسنی پھیل گئی۔ انہیں تیز دھار ہتھیار سے قتل کیا گیا ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس فورنسک ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس چرنجیوی ناتھ سنگھ نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ایس پی نے بتایا کہ 58 سالہ سابق فوجی شمس الدین اور اس کی بیوی سببو، جو آگرہ بائی پاس روڈ پر بوڈی گاؤں کے قریب رہتے تھے۔ اتوار کی صبح تقریبا 9.30 بجے جب گھر کا دروازہ نہیں کھولا گیا تو آس پاس کے لوگوں کو شک ہوا۔ اسی دوران وہاں سے گزرتے ہوئے ایک حجام نے زمین پر خون دیکھا۔ اس نے فوری طور پر خاندان کے دیگر افراد اور پڑوسیوں کو اطلاع دی۔گھر والے کسی طرح دروازہ کھولنے میں کامیاب ہو گئے۔ اندر کا منظر دیکھ کر سب کے ہوش اڑ گئے۔ شمس الدین اور اس کی بیوی کی لاشیں خون میں سنی پڑی تھیں۔