تاثیر 02 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضاامام):نسانی زندگی میں کھیل وثقافت سے وابستگی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے اور بالخصوص تعلیمی اداروں میں کھیل وثقافت کی سرگرمیوں کو ترجیحات میں شامل کیا جانا ضروری ہے تاکہ طلبا کے اندر جسمانی ورزش کے ساتھ ساتھ ذہنی یکسوئی پروان چڑھ سکے۔ان خیالات کا اظہار پروفیسر مشتاق احمد ، پرنسپل سی ۔ایم کالج، دربھنگہ نے کیا ۔پروفیسر احمد کالج میں سہ روزہ کھیل کود پروگرام کے دوسرے دن بیڈ منٹن مقابلہ کے افتتاحی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ پروفیسر احمد نے کہا کہ کھیل سے طلبا کے اندر مقابلہ جاتی رجحانات میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ ایک دوسرے پر فوقیت حاصل کرنے کے لئے کڑی محنت کرتے ہیں جس کے خاطر خواہ اثرات ان کی پڑھائی لکھائی پر بھی پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کود سے نظم وضبط وتربیتی قوت پیدا ہوتی ہے اور ارتکاز وذہنی یکسوئی پیدا ہوتی ہے اس لئے تعلیمی اداروں میں نصابی تعلیم وتربیت کے ساتھ ساتھ کھیل کود ودیگر مقابلہ جاتی سرگرمیاں بھی ہوتی رہنی چاہئیں۔انہوں نے کالج کے اسپورٹس انچارج آفیسر ڈاکٹر ویبھیش چترویدی کو مبارکباد دی کہ انہوں نے جب سے یہ عہدہ سنبھالا ہے کالج میں اسپورٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہواہے۔انہوں نے کہا کہ کالج میں یہ سہ روزہ اسپورٹس مقابلہ لوک بھون پٹنہ اور ایل این متھلا یونیورسٹی، دربھنگہ انتظامیہ کے ذریعہ جاری پروگرام کے تحت ہو رہاہے لیکن ہمارے کالج میں مسلسل اس طرح کی سرگرمیوں پر توجہ دی جا رہی ہے اور ہمارے طلبا وطالبات مختلف طرح کے مقابلہ جاتی پروگرام میں حصہ لے کر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔اس افتتاحی جلسہ کے موقع پر پروفیسر مینک سریواستو، پروفیسر للت کمار شرما، ڈاکٹر دیویا شرما، ڈاکٹر مرزا روح اللہ بیگ، ڈاکٹر ششانک شکلا، ڈاکٹر نیرج کمار، ڈاکٹر کنہیا کمار ، بسنت کمار منڈل وغیرہ شامل تھے۔واضح ہو کہ اس سہ روزہ کھیل کود مقابلہ جاتی پروگرام میں بڑی تعداد میں طلبا وطالبات شامل ہو رہے ہیں اور اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔

