ایشیائی چیمپئنز ٹرافی میں پہلی بار اپنے آبائی صوبے پنجاب میں ملک کی نمائندگی کریں گے گول کیپر کرشن بہادر پاٹھک

تاثیر15 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 15 اکتوبر:ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے گول کیپر کرشن بہادر پاٹھک نو ماہ سے زائد عرصے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔ وہ 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک پنجاب کے جالندھر اور موہالی میں منعقد ہونے والی ہیرو ایشیائی چیمپئنز ٹرافی 2026 میں ہندوستانی گول پوسٹ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
29 سالہ پاٹھک کے لیے یہ موقع اس لیے بھی خاص ہے کہ وہ پہلی بار اپنے آبائی صوبے پنجاب میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔
پاٹھک کو 18 رکنی ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے موہت ایچ ایس کی جگہ لی ہے۔ پاٹھک نے آخری بار دسمبر 2025 میں جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔ اس کے بعد وہ بنگلورو میں ہندوستانی ڈیولپمنٹ ٹیم کے ساتھ مشق کرتے ہوئے اپنی گول کیپنگ کو بہتر بنانے پر کام کر رہے تھے۔
جس میدان میں ہاکی کھیلنا سیکھا، وہیں ملک کی نمائندگی کریں گے
جالندھر کا اولمپئن سرجیت سنگھ ہاکی اسٹیڈیم پاٹھک کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اسی میدان میں واقع سرجیت ہاکی اکیڈمی میں انہوں نے سات سال تک ہاکی کے گْر سیکھے تھے۔ اب وہ اسی میدان پر بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی جانب سے کھیلیں گے۔