جدید پکوان سازی، فوڈ فوٹوگرافی اور مالیکیولر گیسٹرونومی پر تین روزہ تربیتی پروگرام

تاثیر15 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 15 اکتوبر (پریس ریلیز) وزارتِ سیاحت، حکومتِ ہند کے تحت انسٹی ٹیوٹ آف ہوٹل مینجمنٹ (آئی ایچ ایم)، تارا تلہ کولکاتا کی جانب سے نیشنل کونسل فار ہوٹل مینجمنٹ اینڈ کیٹرنگ ٹیکنالوجی (این سی ایچ ایم سی ٹی)، نوئیڈا کے اشتراک سے 13 سے 15 اکتوبر تک تین روزہ فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں جدید پکوان سازی، کھانوں کی دلکش سجاوٹ، فوڈ فوٹوگرافی اور مالیکیولر گیسٹرونومی کے مختلف پہلوؤں پر تربیت فراہم کی گئی۔
پروگرام کا افتتاح ادارے کے پرنسپل راجہ سادھوکھاں اور دیگر اساتذہ کی موجودگی میں ہوا، جبکہ این سی ایچ ایم سی ٹی کے ڈائریکٹر (اکیڈمکس) ڈاکٹر پریہ درشن لکھاوت نے ورچوئل طور پر شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا۔ معروف شیف پناکِی رائے اور شیف سوشانت سین گپتا نے جدید پکوان سازی کی تکنیکوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ادارے کے جدید شو کچن کو بھی متعارف کرایا گیا۔
تین روزہ پروگرام کے دوران فوڈ سیفٹی، جدید پلیٹنگ تکنیک، مالیکیولر گیسٹرونومی، پیٹنٹ و اختراعات اور فوڈ فوٹوگرافی پر خصوصی سیشن منعقد ہوئے۔ اس کے علاوہ بنگال کی روایتی پکوانی ثقافت اور درگا پوجا کی مناسبت سے ’’درگا پوجو ر مہابھوج‘‘ کا اہتمام کیا گیا، جبکہ بلیک باکس چیلنج کے ذریعے شرکاء کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا۔ شرکاء نے آئی ٹی سی رائل بنگال کا دورہ بھی کیا۔
اختتامی تقریب میں پرنسپل راجہ سادھوکھاں نے پروگرام کی کامیابی میں تعاون کرنے والے این سی ایچ ایم سی ٹی کے عہدیداران، مختلف ہوٹل مینجمنٹ اداروں کے پرنسپلز، شرکاء، اساتذہ، عملے اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس پروگرام کا مقصد ہوٹل مینجمنٹ کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا اور جدید تکنیکوں کو تدریسی عمل میں شامل کرنا تھا۔