تاثیر29 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
اورنگ آباد ، 29 اکتوبر:اورنگ آباد میں ویہامانڈوا سے نوگاؤں کے درمیان پیش آنے والی شدید آتشزدگی حادثے میں 30 کسانوں کی 100 ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی گنے کی فصل جل کر تباہ ہوگئی۔ آگ سے موسمی کے باغات اور دیگر فصلوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ اس واقعے کے نتیجے میں متاثرہ کسانوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ رکن اسمبلی ولاس بھومرے نے جائے وقوع کا دورہ کرکے آگ سے متاثرہ کھیتوں کا معائنہ کیا اور کسانوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور نقصانات کی تفصیلات معلوم کیں۔
متاثرہ کسانوں کو راحت پہنچانے کے لیے رکن اسمبلی ولاس بھومرے نے شری رینوکا دیوی شرد کوآپریٹیو شوگر فیکٹری کے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ آگ سے متاثرہ کسانوں کا گنا کسی بھی قسم کی کٹوتی کے بغیر فوری طور پر کرشنگ کے لیے قبول کیا جائے۔ انہوں نے دیگر شوگر فیکٹریوں کو بھی ہدایت دی کہ وہ ان کسانوں کے گنے کو بغیر کسی کٹوتی کے کرشنگ کے لیے قبول کریں، تاکہ متاثرہ کسانوں کو اس مشکل صورتحال میں راحت مل سکے۔

