مہاراشٹر قانون ساز کونسل انتخابات میں مہاوکاس اگھاڑی کو 3 اور مہایوتی کو 2 نشستوں پر کامیابی

تاثیر29 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی ، 29 اکتوبر:مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے 5 ٹیچر اور گریجویٹ انتخابی حلقوں کے نتائج میں مہاوکاس اگھاڑی نے 3 جبکہ مہایوتی نے 2 نشستیں حاصل کی ہیں۔ ان حلقوں میں ووٹوں کی گنتی منگل کی صبح 8 بجے شروع ہوئی تھی، جو بدھ کی رات ڈیڑھ بجے مکمل ہوئی۔ انتخابی افسر کے مطابق پونے ٹیچر حلقے سے بی جے پی کے کوستبھ گاوڑے اور امراوتی ٹیچر حلقے سے شیوسینا شندے گروپ کی کرن سرنائک کامیاب ہوئیں۔
پونے گریجویٹ حلقے میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شردچندر پوار کی ہرشدا دیشمکھ نے بی جے پی کی ڈاکٹر سمیتا جادھو کو شکست دی۔ یہاں 27 اکتوبر کی صبح 8 بجے شروع ہونے والی گنتی 36 گھنٹوں سے زیادہ جاری رہی۔ پہلی ترجیح کے ووٹوں میں کوئی امیدوار کامیابی کا مقررہ کوٹہ حاصل نہیں کرسکا، جس کے بعد ضابطے کے مطابق مزید مراحل میں گنتی ہوئی۔ کامیابی کے لیے 1,13,113 ووٹوں کا کوٹہ مقرر تھا۔ آخری یعنی 44ویں مرحلے کے بعد ہرشدا دیشمکھ کو 1,13,840 اور ڈاکٹر سمیتا جادھو کو 1,03,912 ووٹ ملے۔ اس طرح ہرشدا دیشمکھ 9,928 ووٹوں سے کامیاب ہوئیں۔