ایران کا امریکی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ، ٹرمپ نے حملے کے امکان کو خارج نہیں کیا

تاثیر25 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

تہران،25اکتوبر: ایران کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بندر عباس شہر کی فضائی حدود میں ایک امریکی ڈرون کو مار گرایا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے بارے میں کہا ہے کہ حملہ کل ہی ہو سکتا ہے، تاہم کسی بڑے معاہدے پر پہنچنے کا امکان بھی موجود ہے۔ایرانی فوج کے مطابق بندر عباس کی فضائی حدود میں امریکی ڈرون کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم اس دعوے کے حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے کسی تصدیق یا تردید کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے وقت سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی ممکنہ حملے کے وقت کے بارے میں کچھ نہیں بتائیں گے۔ ان کے اس بیان سے خطے میں فوجی کشیدگی کے مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے کو بہت اچھے طریقے سے نمٹایا گیا ہے، تاہم اب ممکن ہے کہ باقی کام بھی مکمل کرنا پڑے۔ امریکی صدر کے اس بیان کو ایران کے خلاف مزید کارروائی کے امکان سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔