تاثیر10 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 10 اکتوبر:ویتنام کی الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی ون فاسٹ نے ہندوستان کی دو پہیہ گاڑیوں کی مارکیٹ میں داخل ہونے کی سمت ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ کمپنی نے پہلے مرحلے میں 50 سے زیادہ ڈیلروں کے ساتھ لیٹر آف انٹینٹ یعنی ایل او آئی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت ملک کی 15 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 34 شہروں میں 50 سے زائد الیکٹرک دو پہیہ گاڑیوں کے شوروم قائم کیے جائیں گے۔ کمپنی کے اس فیصلے سے ہندوستان کی الیکٹرک دو پہیہ گاڑیوں کی مارکیٹ میں مقابلہ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
ون فاسٹ کے منصوبے کے مطابق دہلی اور قومی راجدھانی خطہ، راجستھان، پنجاب، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، اترپردیش، مہاراشٹر اور گجرات میں شوروم قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ جنوبی ہندوستان کی ریاستوں کرناٹک، تلنگانہ، تمل ناڈو، کیرالا اور آندھرا پردیش کے ساتھ مغربی بنگال اور اوڈیشہ میں بھی کمپنی اپنا کاروباری نیٹ ورک وسیع کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ اس توسیعی منصوبے کے ذریعے ون فاسٹ ملک کے مختلف علاقوں میں اپنی الیکٹرک دو پہیہ گاڑیاں صارفین تک پہنچانا چاہتی ہے۔

