اے آر رحمان نے فلم ’رامائن‘ کی موسیقی کے لیے تین سال تک کی سخت محنت کی

تاثیر23 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 23 نومبر: نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’رامائن‘ اپنی شاندار تیاری اور فن کاروں کے ساتھ ساتھ موسیقی کے حوالے سے بھی موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ فلم کی موسیقی کی ذمہ داری آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان اور ہانس زیمر کو سونپی گئی ہے۔
اے آر رحمان نے حال ہی میں ایک گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ فلم ’رامائن‘ کی موسیقی پر پوری توجہ مرکوز کرنے کے لیے انہوں نے تقریباً 10 سے 12 فلموں میں موسیقی دینے کی پیش کش ٹھکرا دی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس پروجیکٹ کو اپنا پورا وقت اور تخلیقی صلاحیتیں دینا چاہتے تھے۔
رحمان نے بتایا کہ وہ گزشتہ تین سال سے فلم کی موسیقی، تھیم اور دیگر دھنوں پر کام کر رہے ہیں۔ اس دوران کئی دھنوں کے 12 سے 13 مختلف ورژن تیار کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ’راون تانڈو‘ کی دھن پر بھی کئی مرتبہ کام کیا گیا اور آخرکار ایسا ورژن تیار ہوا جسے سبھی نے پسند کیا۔