تاثیر7 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 7 نومبر:نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شردچندر پوار گروپ کے قومی صدر اور سینئر رہنما شرد پوار کو طبیعت میں بہتری کے بعد ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ سانس لینے میں دشواری اور سینے میں انفیکشن کے باعث انہیں 2 روز قبل اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج کے بعد ان کی حالت مستحکم ہوگئی ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں چند روز مکمل آرام کرنے، ذہنی دباؤ سے بچنے، زیادہ گفتگو نہ کرنے اور لوگوں سے ملاقاتیں محدود رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بڑھتی عمر اور مسلسل دوروں کے دوران شرد پوار کو کھانسی، بلغم اور سانس کی تکلیف ہونے لگی تھی۔ ابتدا میں انہیں پونے کے روبی ہال اسپتال میں داخل کرایا گیا، بعدازاں مزید علاج اور آرام کے لیے بریچ کینڈی اسپتال منتقل کیا گیا۔ گزشتہ چند دنوں میں یہ ان کا دوسرا اسپتال میں داخلہ تھا۔ بتایا گیا ہے کہ وہ بریچ کینڈی اسپتال میں ہر ماہ باقاعدہ علاج کے لیے بھی آتے ہیں۔ علاج کا مثبت اثر ہونے پر ڈاکٹروں نے انہیں گھر جانے کی اجازت دی۔

